تازہ ترین

غیر ملکی سرمایہ کار آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے خواہشمند

اسلام آباد: غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دل چسپی کا اظہار کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کے شعبے میں ’ڈیجیٹل پاکستان‘ ایک بڑا پلیٹ فارم ہے۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عمان اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کی جانب سے دل چسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور ان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں اور پاکستان میں ٹیکنالوجی سے متعلق بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

اس سلسلے میں ڈیجیٹل پاکستان کے تحت منعقدہ ایک سیمینار میں اسپین کے آسکر ریموس نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا پلیٹ فارم ہے، ہمیں پاکستانیوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے، سعودی عرب کے محمد حذیفہ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، کویت، عمان اور دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں، یہ پاکستان سے باہر تمام سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔

چیف ایگزیکٹو ٹیلی نار کمپنی عرفان وہاب خان نے بتایا کہ روزگار کو بہتر بنانے کے لیے آئی ٹی سیکٹر اہم کردار ادا کر سکتا ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود نے کہا کہ دیہی اور مضافاتی علاقوں میں 5 ہزار ٹاورز کی تنصیب سے فری لانسنگ اور مختلف آئی ٹی کے پلیٹ فارمز پھیل رہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو شیدیو زہرہ نورین کا مؤقف تھا کہ اس طرح کے سیمینار ملک بھر میں منعقد ہونے چاہیئں، جس میں ہمیں نیٹ ورکنگ کرنے کا موقع ملتا ہے، جس کے تحت آئی ٹی انڈسٹری کی صلاحیتوں کو سراہا جاتا ہے، نیشنل انکیوبیشن سینٹر، حیدرآباد کے سید اظفر حسین نے کہا کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس، فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کے لیے دْنیا میں اپنا نام بنانے کے لیے بڑی گنجائش موجود ہے۔

چیف ایگزیکٹو ابیکس کنسلٹنگ فاطمہ اسد سعید کا مؤقف تھا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے اور ٹیکنالوجی سے متعلق مواقع پاکستان کے مستقبل کی ترقی کے لیے پاکستان کی پختہ ترجیحات میں سے ایک ہے، میڈک سی ای او ڈاکٹر سائرہ صدیق نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں خواتین کو شرکت کرنے کی بہت ضرورت ہے۔

Comments

- Advertisement -