نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں، کچھ رکن ممالک میں توانائی بحران اور کچھ کے پاس وافر ذخائر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکوممبر ممالک کے وزرائے خارجہ سے غیر رسمی ملاقات کے بعد کہی، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری منصوبے مضبوط روابط کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں توانائی کے روابط پاکستان کی ترجیح ہے، سی پیک خطے کے ممالک کے درمیان رابطے کا بہترین منصوبہ ہے، ہمسائیوں سے تجارت کے لیے ریل کا بنیادی ڈھانچہ بہتر بنایا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تہران استنبول راہداری کو فعال بنایا گیا اور پاکستان، ایران اور ترکمانستان ریلوے کو بھی فعال بنایا گیا۔
شاہ محمودقریشی سے امریکی رکن کانگریس جوولسن کی ملاقات
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے امریکی رکن کانگریس جوولسن سے بھی ملاقات کی اس موقع پر شاہ محمود نے وزیراعظم عمران خان کے پُرامن ہمسائیگی کے وژن سےآگاہ کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا سے باہمی اعتماد واحترام پر مبنی وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کا بھاری جانی ومالی نقصان ہوا، انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ خطے میں مشترکہ مقاصد کےحصول کے لیے پاک امریکا مستقل تعاون ضروری ہے، خیال رہے کہ جوولسن کانگریس کی فارن اور آرمڈ سروسز کمیٹیوں کے رکن بھی ہیں۔