جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب وینسٹن پیٹرز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان کرونا چیلنج سمیت دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ وینسٹن پیٹرز سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے اقدامات کو سراہا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،کرونا چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کرونا کے غیرمعمولی پھیلاؤ سے دنیا معاشی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو بھارت میں اسلاموفوبیا پر تشویش سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں بلاجواز کرفیو کے فوری خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے بھارت میں مذہبی منافرت کا پردہ چاک کیا۔ نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ وینسٹن پیٹرز نے کہا کہ نیوزی لینڈ،مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ سے واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے ویزہ کی مدت میں توسیع پر شکریہ ادا کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں