کراچی : ملکی زر مبادلہ ذخائرمیں کمی کاسلسلہ نہ رکا، اسٹیٹ بینک کے ذخائر تیرہ ارب ڈالر سےبھی کم ہوگئے، غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق نو فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر میں بائیس کروڑ ستر لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، کمی کے بعدمرکزی بینک کے ذخائر کا حجم بارہ ارب تیراسی کروڑ چالیس لاکھ ڈالررہ گیا ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں نو ہفتے سے مسلسل کمی ہورہی ہے، زرمبادلہ ذخائر میں ہوتی کمی کی وجہ غیر ملکی ادائیگیاں اور قرضے ہیں، ملک پر واجب الادا قرضوں کا حجم نواسی ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
مزید پڑھیں : قرضوں اور سود کی ادائیگی حکومت نے مزید 50 کروڑ ڈالر کا قرضہ لے لیا
دوسری جانب جولائی تا جنوری صرف ایک ارب اڑتالیس کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ملک میں آئی، غیر ملکی سرمایہ کاری میں 66 فیصد چینی سرمایہ کاری ہے۔ چینی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ڈالر سے زائد رہا۔
معاشی ماہرین کے مطابق زرمبادلہ ذخائر اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی ملکی معیشت کی بیرونی کمزوریوں کی عکاس ہے، غیر ملکی قرضوں کے ادائیگیوں کے باعث زرمبادلہ ذخائرمیں کمی کا سلسلہ جاری رہنےکا خدشہ ہے۔