اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی حکومت سے گورنر ہاؤس کراچی کو بھارت سے آنے والی دھمکی آمیز فون کال کے بارے میں تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے گورنر ہاؤس کراچی کو بھارت سے آنے والی دھمکی آمیز فون کال کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کے مطابق ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے 23 اکتوبر کو گورنر ہاؤس کراچی کو نئی دہلی سے موصول دھمکی آمیز ٹیلی فون کال سے آگاہ کیا گیا اور فون کال سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کیں۔
پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان اس دھمکی آمیز ٹیلی فون کال کی باضابطہ تحقیقات کرے اور اس کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کرے۔
واضح رہے کہ گورنر ہاؤس کراچی کو ایک گمنام شخص کی جانب سے فون کال موصول ہوئی تھی جس میں مذکورہ عمارت کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی ۔