سڈنی: آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے ویرات کوہلی کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ‘کرک ٹریکر’ نے آسٹریلیا کے اسپیڈ اسٹار بولر بریٹ لی کا بیان شیئر کیا، جس میں وہ بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے تعریف کررہے ہیں۔
بریٹ لی نے کہا کہ میں سوشل میڈیا پر ہر وقت یہ سنتا رہتا ہوں کہ کوہلی یہ ہے، کوہلی وہ ہے، میں جانتا ہوں کہ سب کی اپنی اپنی رائے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ویرات کوہلی ٹی 20 سے ریٹائرہورہے ہیں؟
آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ کوہلی ہر میچ میں پچاس رنز نہیں بناسکتا، میں کھبی کھبی سوچتا ہوں کہ رنز بنانے کے لئے ہم اس پر بہت زیادہ دباؤ ڈالتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں 1.3 بلین لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا چاہتا ہوں جن کی خواہش ہوتی ہے کہ کوہلی جب بھی بلے بازی کرے تو سینچری کرے۔
بریٹ لی نے اپنے ٹوئٹ میں اردو کے الفاظ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ‘آرام سے آرام سے’ اسے کھیلنے دو وہ زمین پر کرکٹ کا بہت بڑا کھلاڑی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے پیش گوئی کی تھی کہ بھارت کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کررہے ہیں۔