بھارت کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر انتقال کر گئے ہیں سابق کپتان سنیل گواسکر نے غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شیر دل کرکٹر قرار دیا ہے۔
بھارت کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر سید عابد علی انتقال کر گئے ہیں۔ 83 سالہ کرکٹر نے 29 ٹیسٹ میچز اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انڈیا کی نمائندگی کی۔
اپنے بین الاقوامی کیریئر میں انہوں نے بیٹ اور گیند دونوں سے بھرپور کرکٹ کھیلی اور 54 وکٹیں لینے کے ساتھ 7 نصف سنچریاں بھی بنائیں جب کہ لسٹ اے کرکٹ میں 416 وکٹوں کے ساتھ بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 سنچریاں اسکور کیں جب کہ وہ میدان میں ایک چست فیلڈر کے طور پر بھی مشہور تھے۔
9 ستمبر 1941 کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہونے والے عابد علی نے 1967 میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
انہوں اس میچ کی دونوں اننگ میں 33 رن بنائے اور 55 رن دے کر 6 وکٹ بھی لیے۔ یہ اس وقت ڈیبیو پر کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کی طرف سے پیش کی گئی سب سے بہترین کارکردگی تھی۔
سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر، سابق فاسٹ بولر ڈوڈا گنیش اور اسپنر پرگیان اوجھا نے عابد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شیر دل کرکٹر قرار دیا ہے جو ٹیم کی ضرورت کے حساب سے میدان میں اپنی ذمہ داری ادا کرتے تھے۔