بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ 92 برس کی عمرمیں چل بسے، منموہن 2 مرتبہ وزارت عظمیٰ کی کرسی پر براجمان رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مسلسل 2 مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہنے والے منموہن سنگھ 92 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، منموہن سنگھ 2004 سے 2014 کے دوران پڑوسی ملک کے وزیر اعظم رہے۔
آنجہانی منموہن جنوبی ایشیائی ملک کے نہ صرف دو بار پرائم منسٹر رہے بلکہ وزیر خزانہ کے طور پر بھی انھوں نے بھارتی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
سابق ہندوستانی وزیراعظم ایک ماہر اقتصادیات سے سیاست دان بنے، وہ مرکزی بینک کے گورنر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
کچھ عرصے سے بیمار منموہن سنگھ کو طبعیت کی خرابی کے باعث جمعرات کو رات گئے نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا تھا۔
ایک ٹوئٹر پیغام میں منموہن سنگھ کی موت کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’ گہرے دکھ کے ساتھ، ہم ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہیں، جن کی عمر 92 سال تھی‘۔
بڑھی عمر کی وجہ سے انھیں مختلف عارضے لاحق تھے جن کا علاج چل رہا تھا، 26 دسمبر 2024 کو وہ گھر میں اچانک بے ہوش ہو گئے تھے‘۔