اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

سابق معاون خصوصی سندھ کو34 سال قید کی سزا

اشتہار

حیرت انگیز

نواب شاہ: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق معاون خصوصی سندھ اسماعیل ڈاہری کو34سال قیدکی سزا سنادی ، اسماعیل ڈاہری کا کہنا ہے کہ میں موت سے نہیں ڈرتا،موت مجھ سے ڈرتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج رسول بخش سومرو کی عدالت نے سابق معاون خصوصی سندھ اسماعیل ڈاھری کو 34 سال قید کی سزا سنادی، اسماعیل ڈاھری کو غیرقانونی اسلحہ، بارودی مواد اور ہینڈ گرینڈ رکھنے کے تین مختلف مقدمات میں سزا دی گئی۔

عدالت نے بارودی مواد رکھنے کے جرم میں 10سال ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 10سال اور یینڈ گرینڈ رکھنے کے جرم میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

واضح رہے کہ اپریل 2018 میں وزیر اعلی کے سابق معاون خصوصی اسماعیل ڈاہری کے دولت پور میں بنگلے پر رینجرز نے چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں ہینڈ گرینڈ، اسلحہ، باروندی مواد برآمد کرکے 3 مقدمات درج کئے تھے۔

عدالت سے سزا کے بعد اسماعیل ڈاہری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا میری سزا کا فیصلہ خود کروں گا، مجھے سزا دینے کااختیار کسی کو نہیں، سندھ حکومت کا معاون خصوصی رہاہوں۔

اسماعیل ڈاہری کا کہنا تھا کہ یہ سزا نہیں ہے ،کٹھ پتلی سزا ہے ، میں موت سے نہیں ڈرتا،موت مجھ سے ڈرتی ہے۔

یاد رہےاس سے قبل 10 دسمبر کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اغوا ، قتل اور دیگر گھناؤنے جرائم میں ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے ایم کیو ایم کے  پانچ مبینہ ٹارگٹ کلرز کو بری کردیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں