کاروباری سرگرمیوں میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کے سوالات کے جواب دینے سے انکار کردیا۔
غیر ملکی میڈیا میں ذرائع کے حوالے سے خبر رپورٹ کی گئی ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خاندان کے کاروباری لین دین میں بے ضابطگیاں پائے جانے کی بنا پر طلب کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک کے اٹارنی جنرل کے سامنے پیش ہوئے لیکن انہوں نے تحقیقات کے دوران اٹارنی جنرل کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دینے سے انکار کردیا۔
اس موقع پر سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی آئین کے تحت ہرشہری کو حق حاصل ہے کہ وہ اٹارنی جنرل کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کردے۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے تحقیقات کو سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کاروباری بے ضابطگیوں کی تردید کی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایف بی آئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپا مار کر اہم دستاویزات ضبط کر لی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے گھر پر ایف بی آئی کا چھاپا
چھاپے کی اطلاع کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک شہر کے ٹرمپ ٹاور میں موجود تھے، سابق صدر نے چھاپے کو غیر اعلانیہ چھاپا قرار دیا تھا اور دعویٰ کیا تھا ک اہلکاروں نے گھر کی ایک تجوری بھی توڑی۔