ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کولمبو میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولرز آزمانے کے فیصلے کو سابق کرکٹرز اچھا فیصلہ قرار دیا ہے۔
کولمبو کے پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریفوں کے درمیان اہم میچ میں قومی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر سابق کپتان یونس خان، عاقب جاوید، کامران اکمل نے مختلف رائے کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ایشیا کپ پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے اسپیشل ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ کنڈیشنز کے مطابق ٹاس جیت کر بابر اعظم نے پہلے فیلڈنگ کا اچھا فیصلہ کیا ہے۔ اب شروع کے اوورز میں پاکستانی بولرز کو بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہی ہوگا۔
یونس خان نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کے اس سے قبل مقابلے میں بھارتی بیٹرز نے ابتدائی وکٹیں گنوانے کے بعد اچھا کھیل پیش کیا تھا آج پاکستانی بولرز کی کوشش ہونی چاہیے کہ اگر آؤٹ نہ کرسکیں لیکن بھارت کو 200 رنز کے اندر اندر روکیں۔
سابق ٹیسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ میچ کے ابتدائی اوورز اہم ہوتے ہیں اور سب کی توجہ ہوتی ہے۔ روہت شرما اور کوہلی اس وقت اپنے عروج پر نہیں جس کا پاکستانی بولرز کو فائدہ اٹھانا ہوگا۔ شروع کے 45 منٹ میں فیصلہ ہوجائیگا کہ کون سی ٹیم دباؤ میں ہے۔
ایشیا کپ کا بڑا میچ، پاکستان کا بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ
سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ بھارتی ٹیم پر شروع سے ہی دباؤ ڈالنا اور وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔