نئی دہلی: بھارت میں لوٹری نے ایک مزدور کی زندگی بدل دی، بیٹھے بٹھائے کروڑ پتی بن گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کریلا کے علاقے کننر سے تعلق رکھنے والا مزدور کروڑوں روپے کا مالک بن گیا، بمپر لوٹری نے روزانہ کی بنیاد پر دہاڑی کمانے والے شخص کی قسمت بدل دی۔
رپورٹ کے مطابق راجن پیرونن نامی مزدور کی 12 کروڑ کی لوٹری نکلی، مذکورہ شخص نے گھر کی تعمیر کے لیے مقامی بینک سے لون لے رکھا تھا جبکہ رقم کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں بینک انتظامیہ نے گھر بھی ضبط کرلیا تھا۔ راجن نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ جیتی ہوئی رقم سے قرض ادا کرتے ہوئے گھر کی نئے سرے سے تعمیر بھی کرائے گا۔
مزدور کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوش قسمت شخص کا کہنا تھا کہ وہ اس رقم سے اپنی چھوٹی بیٹی کی شادی بھی کرائے گا، ہمشیہ اسی آس میں رہتا تھا کہ کاش میری لوٹری نکلے اور بالاآخر وہ دن آہی گیا، خدا پر بھروسہ رہا اور آج کہہ سکتا ہوں کہ میرے پاس سب کچھ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 12 کروڑ میں سے ٹیکس کٹنے کے بعد مزدور کو 7.2 کروڑ ملیں گے۔