پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو لکھا گیا خط منظرِ عام پر آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پارٹی کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھا گیا خط منظرِ عام پر آگیا۔

خط ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کی جانب سے ایم ڈی آئی ایم ایف کے نام لکھا گیا۔ اس میں کہا گیا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کیلیے آئی ایم ایف سے ڈیل میں حائل نہیں ہونا چاہتے، کوئی ایسی سہولت جو قرضوں کی ادائیگی کیلیے مددگار ہو حصہ نہیں بننا چاہتے، عوام کے اعتماد والی منتخب حکومت ہی اس حوالے سے گفتگو کا اختیار رکھتی ہے۔

خط میں لکھا گیا کہ حکومت سازی، قرضوں کی ادائیگی اور قانون کی حکمرانی کیلیے ڈیل کی اہمیت سے آگاہ ہیں، خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر آئی ایم ایف بھیجا جا رہا ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے اور آئی ایم ایف کی سہولت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی۔

- Advertisement -

ترجمان پی ٹی آئی نے خط میں لکھا کہ صرف منتخب حکومت کے ساتھ ہی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، طاقتور طبقے کی جانب سے پسند اور نا پسند کی بنیاد پر حکمرانی نہیں ہونی چاہیے، سیاسی جماعتوں اور عالمی اداروں نے انتخابات کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا لیکن دو ہفتے گزرنے کے باوجود تمام مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے لکھا کہ آئی ایم ایف سے مطالبہ ہے کسی بھی مالی ڈیل سے قبل معاملات کو دیکھا جائے، قومی اور صوبائی اسمبلی کی کم از کم 30 فیصد سیٹوں کا آڈٹ کیا جائے، ہم آئی ایم ایف سے تفتیشی ایجنسی کے کردار کے خواہاں نہیں، فافن اور پاتن نامی اداروں کی جانب سے انتخابات کے آڈٹ کا طریقہ کار بتایا گیا ہے۔

بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ ہماری پارٹی اور بانی پی ٹی آئی معیشت میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے، پاکستان کے حالیہ الیکشن میں فارم 47 کے ذریعے دھاندلی کی گئی، ہمارے لوگوں کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے عوام کے سامنے ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو ایک مضبوط حکومت ہی ٹھیک کر سکتی ہے، پی ٹی آئی چاہتی ہے ملک میں ترقی ہو اور جو قرضہ ملک کیلیے لیا جاتا ہے وہ درست استعمال ہو۔

ان کے ہمراہ موجود بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خط آئی ایم ایف کو بھیج دیا گیا ہے، ہم نہیں چاہتے آئی ایم ایف کے پروگرام میں رکاوٹ بنیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں