پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی ظفر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تین حلقوں سے عام انتخابات لڑیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے عبوری چیئرمین بیرسٹر گوہر اور علی ظفر ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر علی ظفر ایڈووکیٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھی عام انتخابات میں حصہ لیں گے اور تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔
علی ظفر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے توشہ خانہ کیس پر فیصلہ جلد آ جائے گا اور الیکشن کمیشن سے بھی جلد انتخابی نشان کا فیصلہ آ جائے گا۔ تازہ سروے کے مطابق 70 فیصد عوام پی ٹی آئی اور 30 فیصد دیگر جماعتوں کے حق میں ہیں۔ اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے تو جمہوریت کو نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ امیدواروں کے لیے جیل میں موجود پی ٹی آئی رہنماؤں کو ترجیح دی جائے گی اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکنا غیر جمہوری عمل ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی میانوالی، اسلام آباد اور لاہور سے الیکشن لڑیں گے جب کہ میں بونیر سے الیکشن میں حصہ لوں گا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اتنی گھبراہٹ ہے کہ ہمارے امیدواروں کو میدان میں نہیں اترنے دیا جا رہا ہے اور پی ٹی آئی کارکنوں کو انتخابی سرگرمیوں سے روکا گیا ہے لیکن ہم الیکشن کے بائیکاٹ کی طرف کبھی نہیں جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں الیکشن کا عمل شفاف ہو اور الیکشن کمیشن یقینی بنائے کہ پی ٹی آئی کو بطور سیاسی جماعت حق ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ مخالفین چاہیں گے کہ حالات خراب ہوں مگر ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ حالات خراب ہوں کیونکہ ہم 8 فروری کو ہر حال میں الیکشن چاہتے ہیں۔ امیدواروں کو کہوں گا مشکلیں برداشت کرلیں اور کاغذات نامزدگی جمع کرائیں، پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ جلد ہوگا۔