تازہ ترین

حکومت نے پرائیویٹ حج کے لیے 4 کیٹیگری کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حج کے لیے 4 کیٹیگری کی منظوری دے دی گئی، پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین قربانی کے علاوہ 5 لاکھ سے 14 لاکھ روپے میں حج کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حج کے لیے 4 کیٹیگری کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے مطابق زیادہ تر پیکیجز میں رہائش کا انتظام حرم شریف اور مسجد نبوی سے 250 میٹر قریب کیا گیا ہے۔

پرائیویٹ حج اسکیم کے بی پیکیج کے مطابق عازمین حج کی رہائش مدینہ منورہ سے 150 میٹر دور ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق عازمین حج کی رہائش کی سہولیات حرم شریف، مکہ اور مدینہ کے قرب و جوار میں دی گئی ہیں جبکہ جمرات پل، منیٰ، عرفات اور مزدوفلا کے قریب بھی ہوٹلوں میں رہائش کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سرکاری حج اسکیم قرعہ اندازی: ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان

دوسری جانب گورنمنٹ حج اسکیم کے تحت بائیومیٹرک سسٹم کے تحت تصدیق کرنے والے عازمین حج کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ٹیلی فون اطلاع دی جائے گی۔

گورنمنٹ حج اسکیم کے تحت بائیو میٹرک سسٹم کی تصدیق کا عمل پاکستان کے مختلف شہروں کے 26 سینٹرز میں کیا جارہا ہے جن میں کراچی، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، سکھر، سیالکوٹ اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو بھی عازمین حج کی بائیومیٹرک تصدیق کے حوالے سے آگاہ کیا جاچکا ہے، واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے پہلے ہی عازمین حج کے لیے بائیومیٹرک کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے 12 مارچ کو رواں سال گورنمنٹ اسکیم کے تحت حج کرنے والے ایک لاکھ 12 ہزار 526 خوش نصیب عازمین حج کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

Comments

- Advertisement -