کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے قلات کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں کمشنرمکران ڈویژن سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق قلات کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں کمشنر مکران ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ طارق زہری ان کا ڈرائیور اور گن مین بھی شامل ہیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق کمشنر مکران ڈویژن کوئٹہ سے مکران جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول سے بھری پک اپ ان کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 5 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع حب میں مسافر بردار کوچ تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔
مسافر کوچ پسنی سے کراچی جا رہی تھی کہ مکران کوسٹل ہائی وے بزی ٹاپ کے قریب کوچ الٹ گئی تھی۔
دوسری جانب 5 اکتوبر کو ہی خضدار سے کوئٹہ اور سوراب سے خضدار آنے والی ویگنوں میں تصادم کے نتیجے میں کمسن بچی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال اگست میں ضلع حب میں ہی کوئٹہ کراچی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ہائی روف کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔