اسلام آباد : فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹری کے نائب صدر کریم عزیز ملک نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی حکومت کےکاروباری لاگت کم کرنے کیلئے اصلاحات کا فیصلےکا خیر مقدم اور حمایت کرتی ہے۔
ملک بھر کی کاروباری برادری حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانے کے فیصلے کی تائید کرتی ہے اور اس سلسلے میں حکومت سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کاروباری لاگت کم کرنے کیلئے اصلاحات کا فیصلے اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ٹیکس کے نظام میں بنیادی تبدیلیوں کی حمایت کرتے ہیں۔
کریم عزیز ملک نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی اسی صورت میں بہتر ہو سکتی ہے ، جب کاروبار کرنا آسان ہو جائے، جس کے لئے سستی توانائی، کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی اور دیگر اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نئی قومی ٹیرف پالیسی بنا رہی ہے تاکہ کاروباری کی صورتحال بہتر ہو جائے،اگر اس پالیسی میں کاروباری برادری کی سفارشات کو مد نظر رکھا جائے تو اس کی کامیابی یقینی ہو گی کیونکہ یہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے مقناطیس کا کام کرے گی۔