کراچی: ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز وزیر خزانہ اسحاق ڈارسے خوش نہیں، فوج نے ملک میں معیشت کی ترقی کے لیے امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ملک میں سیاسی صورت حال کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹرز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے خوش نہیں، ایکسپورٹرز کے ریفنڈز وقت پر ادا نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے ایکسپورٹرز مالی مشکلات کا شکار ہوگئےہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر بجلی کی قیمتیں کم کردی جائیں تو ایکسپورٹ میں اضافہ ممکن ہے جس کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت کم ہوسکتی ہے تاہم ایکسپورٹرز اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ وہ ایکسپورٹ میں کتنا اضافہ کرکے دیں گے، تاجر برادری اور ایکسپورٹرز آئندہ 10 سے 12 روز میں وزیراعظم کو رپورٹ دیں گے۔
زبیر طفیل نے کہا کہ ملکی معیشت اور سیکیورٹی انتہائی لازم ہے، افواج پاکستان نے ملک میں امن قائم کرنے میں اپنی جانیں قربان کی ہیں، فوج اور رینجرز نے امن قائم کردیا ہے اب نجی شعبے سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو ترقی دیں۔
زبیر طفیل نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کرنسی کی قدر میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ بہت خوش آئند ہے کیونکہ اگر روپے کی قدر میں تبدیلی کی گئی تو اس سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔