فرانس میں پولیس اب اسکول کے بچوں کے بیگوں کی تلاشی بھی لے گی جس کی وزیر تعلیم نے منظوری دے دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس کی پولیس کو اب بچوں کے اسکول بیگز کی تلاشی لینے کا اختیار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد پرتشدد واقعات کی روک تھام ہے۔
رپورٹ کے مطابق فرانس کی وزیر تعلیم الزبتھ بورن نے اس کی منظوری دے دی ہے اور پولیس موسم بہار سے یہ کارروائی شروع کر دے گی۔
فرنچ وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اسکولوں میں بڑھتے چاقو حملوں کے تدارک کے لیے کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسکول کے گیٹ پر پریفیکٹ، نظام تعلیم کے نمائندوں اور پراسیکیوٹر کے ہمراہ بیگز کی تلاشی کا انتظام کیا جائے گا۔ تاہم اساتذہ اور اسکول کے اسٹاف کو بچوں کے بیگز کی تلاشی لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی بچے کے پاس تیز دھار والا ہتھیار برآمد ہوگا تو اسے ڈسپلن کونسل کے سامنے پیش کیا جائے۔ اور اس طرح کا کیس کسی استثنیٰ کے بغیر پراسیکیوٹر کے پاس جائے گا۔ اس سے قبل پراسیکیوٹر کو ہیڈ ماسٹر کے کہنے پر بلایا جاتا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں پیرس کے مضافات میں ایک ہائی سکول میں 17 سالہ لڑکا چاقو حملے میں شدئد زخمی ہوا تھا۔