کراچی : مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں جاں بحق نوجوان ارسلان محسود کے زخمی دوست نے انکشاف کیا کہ پولیس نے بغیر روکے گولی چلائی، ایک گولی مجھے ٹانگ میں لگی جبکہ ارسلان کو نیچے گرا کرگولی ماری گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون میں مبینہ جعلی مقابلے میں جاں بحق نوجوان ارسلان محسود کے زخمی دوست یاسر نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس والوں نے روکنے کی کوشش نہیں کی، فائرنگ کردی۔
مقتول ارسلان محسود کے دوست کا کہنا تھا کہ میں میٹرک میں پڑھتا ہوں ہم کوچنگ سے آرہے تھے کہ اچانک سے سامنے آئے اور فائرنگ کرنا شروع کر دی، فائرنگ ہوتے ہی مجھے پہلی گولی لگی ، پھر ارسلان پیچھے گرا اس کو انہوں نے گولی ماری۔
،زخمی نوجوان نے بتایا کہ میں نے گاڑی موڑی اور دوست کے لئے کھڑا ہوا ، ارسلان گولی لگنے کے بعد الٹا لیٹا ہوا تھا، اسی دوران انہوں نے پستول میں دوسرا میگزین لوڈ کیا، یہ دیکھ کر میں وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا۔
یاسر کا کہنا تھا کہ گلیوں سے ہوتا ہوا میں اپنے گھر تک پہنچ گیا ، گھر سے اٹھا کر میرا بڑا بھائی اسپتال تک لے گیا ، مجھے دو گولیاں لگی،پولیس نے بغیر روکے گولی چلائی۔