لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں پب جی گیم پر بلاک کرنے پر دوستوں نے 15 سالہ لڑکے کو اغوا کرکے قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پب جی گیم پر بلاک کرنے پر دوستوں نے 15 سالہ لڑکے کی جان لے لی، رائیونڈ انویسٹی گیشن پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق پب جی گیم پر بلاک کرنے پر دوستوں نے حسن عباس کو اغوا کیا، گرفتار ملزم عطا نے تین دوستوں مصور، نوید، مظہر کے ذریعے مقتول کو اغوا کے بعد قتل کیا۔
ملزم عطا نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ مقتول حسن کو بدفعلی کے بعد قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول حسن کو رائیونڈ سے اغوا کرکے ننکانہ صاحب لے جاکر بدفعلی کے بعد قتل کیا گیا۔
یہ پڑھیں: آن لائن گیم پب جی کھیلنے کا شوق ، ایک اور نوجوان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عطا نے 13 جنوری کو رائیونڈ سے حسن عباس کو اغوا کیا، اغوا ہونے والے بچے کی لاش شیخوپورہ سے برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے چاروں گرفتار ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں لاہور میں 18 سالہ نوجوان نے پب جی گیم کھیلنے سے روکنے پر مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی، مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ شہریار ہر وقت پب جی گیم کھیلتا رہتا تھا گیم کھیلنے سے منع کرنے پر اس نے خودکشی کرلی۔
خیال رہے کہ لاہور میں اس سے قبل بھی تین نوجوان پب جی گیم کی وجہ سے خودکشی کرچکے ہیں۔