ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جہاں نئے نئے ریکارڈز بننے کا سلسلہ جاری ہے وہیں ایک جذباتی واقعے نے سب کی آنکھیں نم کردیں۔
قطر اور اٹلی کے کھلاڑیوں کو ٹوکیو اولمپکس کے ہائی جمپ مقابلوں میں مشترکہ فاتح قرار دیا گیا ہے، مقابلہ برابر ہو جانے کے بعد دونوں نے اضافی جمپ آف کے بجائے تمغہ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا اور انتظامیہ نے دونوں ہی کو سونے کا تمغہ دے دیا۔
قطر کے معتز عیسیٰ برشم اور اٹلی کے گیانمارکو تامبیری نے مقابلے کے دوران 2.37 میٹرز کی جمپس لگائیں لیکن 2.39 میٹرز کے اولمپک ریکارڈ کو تین، تین مرتبہ کوشش کرنے کے باوجود نہ توڑ پائے۔
اتنی بار ناکامی کے بعد قطری کھلاڑی نے منتظمین سے پوچھا کہ کیا دونوں کو گول میڈل مل سکتا ہے؟ آفیشل نے اثبات میں جواب دیا، جس کے بعد دونوں نے شاندار جشن منایا۔
معتز عیسیٰ نے کہا کہ تامبیری میرے بہترین دوستوں میں سے ایک ہیں، میدان ہی میں نہیں بلکہ اس سے باہر بھی۔ یہ ایک خواب کی تعبیر ہے، ایک حقیقی اسپورٹس مین اسپرٹ اور ہم اس پیغام کو پھیلانے کے لیے ہی یہاں آئے ہیں۔
یہ اولمپکس میں معتز کا تیسرا تمغہ ہے۔ اس سے پہلے وہ 2012 کے لندن اولمپکس میں کانسی اور 2016 کے ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں یعنی یہ ان کا بھی پہلا سونے کا تمغہ ہے جبکہ تامبیری کا تو پہلا تمغہ ہے جو انہیں سونے کی صورت میں ملا ہے۔
دونوں ہی کھلاڑی اولمپکس سے قبل انجری کا شکار تھے اور یہی ان کے درمیان دوستی کی ایک اور وجہ بھی تھی۔ سونے کا تمغہ ملنے پر دونوں کھلاری جذباتی ہوگئے اور معتز اپنے آنسو نہ روک پائے۔