تازہ ترین

فروٹ جوس پینے والے بچوں سے متعلق پریشان کن تحقیق سامنے آ گئی

فروٹ جوس پینے والے بچوں سے متعلق ایک پریشان کن تحقیق سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ جن بچوں کو والدین 100 فی صد پھلوں کا جوس پلاتے ہیں، ان کے موٹے ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی طبی تحقیقی جریدے ’جاما پیڈیاٹرکس‘ میں شائع ہونے والی ریسرچ رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ فروٹ جوسز پینے والے بچوں میں وزن بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں اور وہ جلد ہی موٹاپے کا شکار بن جاتے ہیں۔

اس منفرد مگر طویل تحقیق کے لیے کینیڈا کے محققین نے اپنے سامنے یہ سوال رکھا تھا کہ بچوں اور بڑوں میں سو فی صد پھلوں کے رس کی مقدار اور جسمانی وزن کے درمیان کیا تعلق ہے؟ اس ریسرچ اسٹڈی کے تحت ماہرین نے تقریباً 46 ہزار بچوں اور ڈھائی لاکھ سے زیادہ بڑوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور انھوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں کی جانے والی 42 مختلف تحقیقات کا بھی مطالعہ کیا۔

ماہرین نے یہ جاننا چاہا کہ ایک سے 15 سال کے بچوں کو پھلوں کا جوس پلانے سے ان کے وزن میں کیا فرق پڑتا ہے؟ ریسرچ اسٹڈی میں بچوں میں سو فی صد پھلوں کے رس کے استعمال اور وزن میں اضافے کے درمیان ایک مثبت تعلق پایا گیا، تاہم بالغوں میں آزمائشوں کے تجزیے میں سو فی صد پھلوں کے رس کے استعمال اور جسمانی وزن کے درمیان کوئی خاص تعلق نہیں پایا گیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ بچوں کو سو فی صد پھلوں کا جوس پلانے سے ان کا وزن بڑھنے لگتا ہے اور وہ موٹاپے کا شکار ہو جاتے ہیں، جب کہ ان کے زائد الوزن ہونے کا سلسلہ بڑی عمر تک چلتا رہتا ہے، ماہرین صحت کے مطابق عام طور پر ایک سال سے کم عمر بچوں کو جوس یا ڈرنکس نہیں دینی چاہیے، جب کہ 4 سال کی عمر کے بچوں کو یومیہ 4 اونس تک جوس دیا جانا چاہیے۔

ماہرین صحت کے مطابق پھلوں میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں، اس لیے بچوں کا جوس پینا ان کے موٹاپے کا سبب بن سکتا ہے، جب کہ عام طور سے والدین یہ سوچ کر بچوں کو پھلوں کا جوس پلاتے ہیں کہ اس سے بچے صحت مند رہیں گے۔

مذکورہ ریسرچ اسٹڈی کے نتائج دیکھ کر ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں میں پھلوں کے رس کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہیے، تاکہ زیادہ کیلوریز کی مقدار اور وزن میں اضافے کو روکا جا سکے۔

Comments

- Advertisement -