اسلام آباد : ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسلام آبادہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت نمٹادی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی ، عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر اور انتظار پنجوتہ عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے کہا کہ اگر کل آپ نے سپیشل کورٹ میں سرنڈر کردیا تو درخواست غیر مؤثر ہوگئی، جس پر وکیل عمران خان نے بتایا کہ اسپیشل کورٹ نے 31 اکتوبر تک ضمانت دی۔
سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ جج نے کل بھی دائرہ اختیار کے حوالے سے بات کی،اس مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت دی تھی، عدالتی دائرہ اختیار پر آج بھی کنفیوژن ہے، ہم چاہتے ہیں کہ میرے موکل کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں زیر سماعت ہے، جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست عدالت نے غیر موثر ہونے پر نمٹا دی ۔
عدالت کا کہنا تھا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت ٹرائل کورٹ کا دائرہ اختیار کو دیکھے گی
عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست نمٹا دی