اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں غربت کے خاتمے کیلئے مختص کردہ فنڈ میں سے تین چوتھائی رقم تنخواہوں اور دیگر جاری اخراجات میں صرف کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نون لیگ کی معاشی ترقی اورغر بت ختم کرنے کی دعوے کھوکھلے نکلے، غربت کے خاتمے کا فنڈ تنخواہوں کی ادئیگی پر خرچ کردیا گیا۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے رواں مالی سال کیلئے چار سو باسٹھ ارب ستر کروڑ روپےغربت کےخاتمے کیلئے مختص کئے تھے، جن میں تین سو چوون ارب روپے تنخواہوں اور دیگر اخراجات میں خرچ ہوگئے۔
حکومت کی جانب سے جاری پوورٹی ریڈکشن اسٹریٹیجی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال غربت کے خاتمے کیلئے گزشتہ سال سے دس فیصد زائد رقم مختص کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی اورچاروں صوبائی حکومتوں نے پچیس ارب بیس کروڑروپے سبسڈی پرخرچ کئے، بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت چوبیس ارب روپےخرچ کئے گئے جبکہ سوشل سیکیورٹی اور ویلفیئر کی مد میں آٹھ ارب روپے خرچ کئے گئے جو کہ گزشتہ سال سے ساڑھے اٹھارہ فیصد کم ہیں۔