تازہ ترین

افریقی ملک گبون میں فوج کا اقتدار پر قبضہ، انتخابی نتائج منسوخ

لیبرویل: افریقی ملک گبون میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرکے تمام ریاستی اداروں کو تحلیل اور انتخابی نتائج کو منسوخ کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق فوج کی سینئر قیادت نے ریاستی انتخابی ادارے کے اعلان کے چند منٹ بعد سرکاری ٹیلی ویژن پرقوم سے خطاب میں کہا کہ فوج نے تمام اختیارات حاصل کرلیے ہیں اور انتخابی نتائج کو منسوخ کردیے گئے۔

گبون کی عسکری قیادت نے کہا کہ حالیہ انتخابات قابل اعتبار نہیں تھے اس لیے انہیں معطل کردیا گیا ہے جب کہ تمام ریاستی اداروں کو تحلیل کرکے ملکی سرحدوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

افسران نے خطاب میں کہا کہ وہ وسطی افریقی ملک میں تمام سیکورٹی اور دفاعی افواج کی نمائندگی کرتے ہیں، تمام سرحدیں اگلے نوٹس تک بند اور ریاستی ادارے تحلیل ہو گئے ہیں۔

فوجی افسران نے بیان میں کہا کہ ’’یہ پیغام گبونی لوگوں کے نام… ہم نے موجودہ حکومت کو ختم کرکے امن کا دفاع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گبون کے سرکاری ٹی وی نے حال ہی میں ملک میں ہونے والے متنازع الیکشن میں علی بونگو کی تیسری مرتبہ کامیابی کا اعلان کیا تھا۔

گبون کے الیکشن سینٹر کے مطابق علی بونگو نے الیکشن میں 64.27 فیصد ووٹ حاصل کیے اور ان کے مدمقابل البرٹ اوندو نے 30.77 فیصد ووٹ لیے۔

Comments

- Advertisement -