اسلام آباد : پاکستان سے سعودی عرب کے لئے براہ راست پروازوں کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی، گاکا کی جائزہ ٹیم جون کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے سعودی عرب کے لئے براہ راست پروازوں کی سیکورٹی جانچ پڑتال کے معاملے پر سعودی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی گاکا کی جائزہ ٹیم جون کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ٹیم دورے میں پروازوں کے طیاروں، لگیج اورمسافروں کی سیکورٹی طریقہ کار کا جائزہ لے گی۔
گاکا کی جانب سے دورے کے لئے ڈی جی سی اے اے سے باقاعدہ اجازت طلب کرلی ہے ، سی اے اے نے ٹیم کے مختلف ایئر پورٹس کے دورے میں پلان اورارکان کے نام بھی طلب کر لئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لینے والی ٹیم ارکان کی سیکورٹی کلیئرنس وزارت داخلہ دے گی ، مذکورہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد سعودی ٹیم کی پاکستان آمد ہو گی۔
خیال رہے سعودی عرب ایک بڑے عالمی کاروباری، سیاحتی مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، پاکستانی مسافر بھی بین الاقوامی سفر کے لیے مملکت کی جانب بڑھتی دلچسپی کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئرلائنز روزانہ 530 سے زائد پروازیں 100 سے زیادہ شہروں کے لیے چلاتی ہیں۔
پاکستان کے کاروباری، سیاحتی مسافروں کو وسیع سفری روابط فراہم کیے جاتے ہیں، جدہ اور ریاض میں موثر ٹرانزٹ پوائنٹس کے ذریعے بڑے مراکز تک رسائی ممکن ہے۔