بھارتی ٹیم کی بدترین پرفارمنس کے بعد نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں، اب گوتم گمبھیر کے حوالے سے چشم کشا انکشاف سامنے آیا ہے۔
جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد گوتم گمبھیر کے بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر منصب سنبھالا تھا، اس سے قبل بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے والے راہول ڈریوڈ کے جانشین کے طور پر گوتم کو کافی چھان بین کے بعد بی سی سی آئی نے چنا تھا۔
سابق بھارتی اوپنر کے پاس کسی انٹرنیشنل ٹیم کی کوچنگ کرنے کا کوئی خاص تجربہ نہیں تھا، تاہم بی سی سی آئی کے کرتا دھرتاؤں نے آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے ان کی کامیاب کوچنگ دیکھ کر انھیں بطور ہیڈ کوچ منتخب کیا تھا۔
تاہم آسٹریلیا میں بھارتی ٹیم کی بدترین پرفامنس کے بعد اب خبریں آئی ہیں کہ اگر ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپنی پرفارمنس بہتر نہیں بنائی تو ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی پوزیشن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
بھارتی بورڈ کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی ایک ٹیسٹ میچ باقی ہے اس کے بعد چیمپئنز ٹرافی ہونا ہے، اگر ٹیم کی پرفارمنس بہتر نہیں ہوتی تو پھر گوتم گھمبیر کی جگہ بھی محفوظ نہیں رہے گی۔
بی سی سی آئی کے حکام نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ گوتم گمبھیر کوچنگ کے لیے پہلی چوائس نہیں تھے بلکہ ان کی جگہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ وی وی ایس لکشمن کوچنگ کے لیے پہلا انتخاب تھے۔
انھوں نے کہا کہ گوتم کبھی بھی پہلا انتخاب نہیں تھے کیوں کہ بہت سے غیرملکی کوچز نے تینوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی کوچنگ کرنے سے انکار کردیا تھا اس کے گوتم پر کمپرومائز کیا گیا تھا۔