اتوار, جنوری 19, 2025
اشتہار

چوبیس لاکھ درہم کے لیپ ٹاپ چوری کرنے والا منظم ایشیائی گینگ پکڑا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاستی پولیس نے نجی کمپنی کے گودام میں چوری کرنے والے گیارہ رکنی منظم گینگ کو گرفتار کرلیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ پولیس نے منگل کے روز کارروائی کرتے ہوئے گیارہ رکنی گینگ کو گرفتار کیا، تمام ملزمان کا تعلق ایشیائی ملک سے بتایا گیا ہے۔

کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے کرنل عمر احمد نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے افراد کے قبضے سے 662 لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے ہیں جن کی مالیت 24 لاکھ درہم کے قریب بنتی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ ہمیں شارجہ کی مقامی کمپنی کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ اُن کے انڈسٹریل ایریا میں واقع گودام سے لیپ ٹاپ چوری ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے درخواست موصول ہونے کے بعد مختلف زاویوں سے تفتیش کی اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے اس کے دائرے کار کو مزید بڑھایا۔

کرنل عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے شناخت کے بعد دو ملزمان کو حراست میں لیا تو انہوں نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ گینگ کے مزید 9 اراکین ہیں جو شارجہ میں ہی مقیم ہیں اور اسی کمپنی کے ملازم تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے دو چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں ہیں۔

شارجہ پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’ملزمان کمپنی کے گودام میں سی سی ٹی وی کی انسٹالیشن کے لیے گئے تھے، اسی دوران انہوں نے موقع ملتے ہی ہاتھ صاف کیا مگر وہ ایک ثبوت چھوڑ گئے تھے جس کی وجہ سے ان کی گرفتاری ممکن ہوئی‘۔

پولیس کو تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے ہر آدمی میں کام تقسیم کیے ہوئے تھے، دو لوگ کسی کمپنی میں جاکر انہیں سی سی ٹی وی لگوانے کے لیے قائل کرتے تھے جبکہ مزید دو سروے کر کے صورت حال کا جائزہ لیتے تھے، اُس کے بعد تمام لوگ جمع ہوکر واردات کا پلان بناتے اور واردات کرتے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں