کراچی: گارڈن کے علاقے سے عالیان اور علی رضا کے مبینہ اغوا کے کیس میں لاپتا بچے کی والدہ کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی نے ہائی پروفائل کیس کی تفتیش اے وی سی سی کو منتقل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گارڈن سے لاپتا بچوں عالیان اور علی رضا کیس اے آئی جی کراچی نے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کو منتقل کر دیا ہے، یہ فیصلہ لاپتا بچے کی والدہ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا ہے، جس میں اے وی سی سی کے ایس ایس پی کو ہدایت کی گئی ہے کہ یہ کیس ذاتی نگرانی میں دیکھیں اور تفتیش ذمہ دار افسر کے سپرد کریں جو مکمل میرٹ پر کام کرے۔
واضح رہے کہ عالیان کی والدہ زینب یونس کی جانب سے تفتیش تبدیلی کی درخواست دی گئی تھی، ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی جانب سے ایک بورڈ تشکیل دیا گیا تھا، اس بورڈ نے بھی تفتیش تبدیل کرنے کی سفارش کی تھی، جس پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سندھ کی جانب سے درخواست منظور کی گئی، اور گارڈن پولیس کا کیس فوری طور پر اے وی سی سی منتقل کر دیا گیا۔
سراغ رساں کتا بو سونگھتے کہاں جا کر رکا؟ گارڈن سے لاپتا بچوں کی تلاش میں بڑی پیش رفت
یاد رہے کہ 14 جنوری کو 5 سالہ عالیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے گزشتہ ماہ گارڈن ویسٹ سے لاپتا ہو گئے تھے۔ اس کیس میں سرچ آپریشن کے دوران 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تھی تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی، پولیس نے لاپتا بچوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 3 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
بچوں کو لاپتا ہوئے تقریباً 49 دن گزر چکے ہیں لیکن تاحال بچوں کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے، نہ ہی پولیس کوئی سراغ ڈھونڈ پائی ہے۔