کراچی : تین منزلہ عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ 3 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد میں ایک تین منزلہ عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا۔
رات گئے ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے خوف و ہراس پھیل گیا، اور آس پاس کے لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے اور 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ عمارت تین منزلہ ہے اور اس میں دو خاندان رہائش پذیر ہیں، عمارت میں دو بڑے گیس سلنڈر موجود تھے۔
سلنڈر دھماکے سے ایک کمرے کی چھت اور دیوار گرگئی، رپورٹ کے مطابق رہائشی عمارت میں لائٹر فلنگ کا کارخانہ قائم تھا۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے پنجاب کے شہر ڈسکہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں گیس سلنڈر دھماکے میں 7 افراد زخمی ہوگئے تھے، زخمیوں میں 2 خواتین، 4 مرد اور ایک دو سالہ بچی شامل ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونیوالوں میں انعم، سائرہ، مقدس، مشتاق، عمیر، شعیب اور ذوالقرنین شامل ہیں، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب چند روز قبل بیاہ کر گھر آنیوالی دلہن انعم کچن میں کھانا پکا رہی تھی، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں گھر کی چھت، بیرونی دروازہ، بیڈروم، ڈرائنگ روم اور کھڑکیاں گر گئیں، گھر کا سارا سامان جل گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ہر سال سردیوں میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات بہت زیادہ رونما ہوتے ہیں۔ امسال بھی ملک کے کئی علاقوں سے گیس سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعات ہوئے ہیں جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
گیس سلنڈرز کیوں پھٹ رہے ہیں؟ ایل پی جی ڈسٹری بیوشن کے رہنما عرفان کھوکھر نے اس کی سب سے بڑی وجہ ملاوٹ شدہ ایل پی جی گیس کو قرار دیا ہے۔