جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

کرونا دوا کی ذخیرہ اندوزی، سابق بھارتی کرکٹر کا ادارہ مشکل میں پڑ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: کرونا دوا کی ذخیرہ اندوزی کے الزامات پر سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کا ادارہ مشکل میں پڑ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مخالف بیانات جاری کرنے کے لیے مشہور سابق کرکٹر اور بی جے پی کے وزیر گوتم گھمبیر کی فاؤنڈیشن پر کرونا دوا کی ذخیرہ اندوزی کا الزام لگ گیا ہے، بھارتی ڈرگ کنٹرولر نے عدالت کو مطلع کر دیا کہ فاؤنڈیشن نے ذخیرہ اندوزی کا ارتکاب کیا۔

سابق بھارتی کھلاڑی کی فاؤنڈیشن کے خلاف ڈرگ کنٹرولر جنرل نے بلا تاخیر کارروائی کا اعلان کر دیا ہے، اس سلسلے میں دہلی ہائی کورٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے ڈرگ کنٹرولر سے 6 ہفتوں کے اندر رپورٹس طلب کر لی، 29 جولائی کو اس معاملے پر دوبارہ سماعت کی جائے گی۔

ایک طرف بھارت میں کرونا وبا نے تباہی پھیلا رکھی ہے دوسری طرف کئی صوبوں کو ادویہ کی قلت کا سامنا ہے، جس پر دہلی ہائی کورٹ نے ڈرگ کنٹرولر محکمے کو ہدایت کی تھی کہ کرونا کی دواؤں کی قلت کے معاملے پر تحقیقات کرے۔

رپورٹس کے مطابق گوتم گھمبیر پر الزام ہے کہ ان کی فاؤنڈیشن نے لائسنس نہ ہونے کے باوجود غیر قانوی طور پر کرونا مریضوں کو استعمال کرائی جانے والی دوا ’فیبی فلو‘ کو ذخیرہ کیا اور اسے لوگوں میں تقسیم کیا، خیال رہے کہ بغیر ڈرگ لائسنس شہریوں کو دوا فراہم کرنا غیر قانونی ہے۔

سابق کرکٹر نے 21 اپریل کو ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا تھا کہ ان کے پارلیمانی حلقے کے لوگ ان کے دفتر سے مذکورہ دوا مفت حاصل کر سکتے ہیں، یہ ٹوئٹ سامنے آنے کے بعد گوتم کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں فیبی فلو دوا کو کرونا کے علاج کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں