آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والا ہے، ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ نمیبیا سے ہوگا۔
ایونٹ میں کُل بارہ ٹیمیں مقابلہ کریں گی اور ان کے لیے پیش گوئیاں آنا شروع ہو چکی ہیں۔ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہوگا لیکن اسے بھارت، انگلینڈ، پاکستان سمیت دیگر ممالک سے بھی سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے سابق بلے باز کرس گیل نے ایونٹ کی فائنلسٹ کے لیے پیش گوئی کی ہے جس پر شائقین حیران ہیں۔ گیل کا خیال ہے کہ آسٹریلیا فائنل میں پہنچے گا جہاں اس کا ٹاکرا ویسٹ انڈیز سے ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے یہ بہت مشکل ہو گا کیونکہ ٹیم کا کپتان نیا ہے اور ٹیم میں کیرون پولارڈ، آندرے رسل اور براوو نہیں ہیں جب کہ سنیل نارائن بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، شمرون ہیٹمائر کو بھی اسکواڈ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا ہے وہ ورلڈکپ اسکواڈ کے لیے پرواز مس کر چکے ہیں۔
گیل کے مطابق ویسٹ انڈیز ایک "خطرناک ٹیم” ہے اور میچ کے دنوں میں درست حکمت عملی پر عمل درآمد کر کے چیزیں اپنے حق میں جا سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاں یہ ضرور ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور کسی بھی ٹیم کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ صرف میچ کے دن اپنی حکمت عملی کو صحیح طریقے سے ڈھالنے کی بات ہے۔ امید ہے ٹیم اچھا کھیلے گی۔