غزہ میں اسرائیلی جارحیت شہریوں کی صحت کے لیے بھی خطرہ بن گئی ہے، غزہ میں 25 سال بعد پولیو کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق دیر البلح میں 10 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہو گئی ہے، 10 ماہ سے جاری جنگ کے باعث غزہ میں پولیو کی ویکسین نہیں لگائی گئی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپیل کی ہے کہ انسانی بنیادوں پر غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے تاکہ پولیو کی مہم شروع کی جا سکے، ساڑھے 6 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے ضروری ہے۔ واضح رہے کہ ڈبللیو ایچ او پہلے ہی غزہ میں پولیو پھیلنے سے خبردار کر چکا ہے۔
حماس نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے جنگ روکنے کی اقوام متحدہ کی درخواست کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباریوں میں اب تک کم از کم 40,005 فلسطینی شہید اور 92,401 زخمی ہو چکے ہیں۔