اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں اسرائیلی فوج کے غزہ میں کیے جانے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فضائی حملوں کو غزہ کے نظام صحت کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی فوج کے غزہ کے اسپتالوں پر حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے یہ دعوے کہ غزہ کے اسپتالوں کو فلسطینی مسلح گروپوں کی جانب سے فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جو سراسر غلط ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے غزہ کے اسپتالوں پر حملوں کے نتیجے میں صحت کی سہولیات شدید متاثر ہوئیں اور طبی عملے کے افراد سمیت شہریوں کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے جون 2024 کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے 27 اسپتالوں اور 12 دیگر طبی مراکز پر کم از کم 136 حملے کیے گئے۔ جن میں ڈاکٹروں، نرسوں، ڈاکٹروں اور دیگر عام شہریوں کو بڑا جانی نقصان پہنچا جبکہ شہری انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر تباہ نہ ہونے کی صورت میں کافی نقصان پہنچا۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے الزامات مبہم ہیں۔ بین الاقوامی جنگی قوانین کے مطابق طبی مراکز اور عملہ محفوظ ہیں جب تک کہ وہ اپنے انسان دوست فرائض انجام دے رہے ہوں۔
رپورٹ کے مطابق بمباری کے دوران صحت کے مراکز کی جان بوجھ کر تباہی ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آسکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ٹرک نے کہا کہ جنگ کے دوران اسپتالوں کا تحفظ لازمی ہے اور تمام فریقین کو ان قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے۔
رپورٹ میں حملوں کی غیرجانبدار، شفاف تحقیقات اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ غزہ جنگ میں اب تک 45 ہزار 500 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں اکثریت شہریوں کی ہے