پیر, مئی 19, 2025
اشتہار

اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ: اسرائیل نے غزہ میں محدود پیمانے پر امداد کی فراہمی کے لیے ناکہ بندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 10 ہفتوں سے جاری غزہ کی ناکہ بندی پر عالمی سطح پر شدید تنقید کے بعد اسرائیل نے غزہ میں خوراک کی ضروری مقدار محدود پیمانے پر پہنچانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ اعلان اسرائیلی فوج کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ اس نے پورے غزہ میں ’وسیع پیمانے پر زمینی آپریشن‘ شروع کر دیا ہے۔

امدادی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی 21 لاکھ کی آبادی قحط کا شکار ہو سکتی ہے، اسرائیل نے 2 مارچ کو غزہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے کھانے پینے سمیت ہر قسم کے سامان کا داخلہ روک دیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی حملوں میں مزید 151 فلسیطینی شہید اور 361 زخمی ہو گئے ہیں، اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں کمال عدوان اسپتال سمیت دیر البلح، بیت لاھیہ اور مختلف مقامات پر حملے کیے، حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کو انڈونیشیا اسپتال منتقل کیا گیا۔

شمالی غزہ میں انڈونیشیا کے اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مروان السلطان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز لوگوں کو براہ راست نشانہ بنا رہی ہیں، اور اسپتال عمارت کا بھی محاصرہ کیا گیا ہے جس سے تقریباً 55 افراد اندر پھنس گئے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی بدترین اور غیر انسانی جارحیت میں اب تک کم از کم 53,339 فلسطینی شہید اور 121,034 زخمی ہوئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں