غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کو ان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے، شمالی غزہ میں 4 جب کہ لبنان میں 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے، جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 26 صہیونی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے چار فوجی شمالی غزہ میں لڑائی میں مارے گئے، اس سے قبل لبنان میں بھی دو فوجی مارے گئے تھے۔
غزہ میں مارے گئے فوجیوں میں میجر (ر) ایتامر لیون فریڈمین بھی شامل تھا، جو پیر کو شمالی غزہ کے کیمپ جبالیہ میں ایک ٹینک شکن میزائل لگنے سے موت کے گھاٹ اتر گیا، 34 سالہ لیون فریڈمین ایلات کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ میں ٹیم کمانڈر تھا۔
ترک ایجنسی انادولو کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی اور جنوبی لبنان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جھڑپوں میں کم از کم 26 مزید اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے غزہ میں 11 فوجی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی لبنان پر بمباری، 53 شہید، درجنوں زخمی
آئی ڈی ایف کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو غزہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے تقریباً 782 فوجی ہلاک اور 5,325 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر سیف زون پر حملہ کیا جس میں 10 فلسطینی شہید ہوئے، نصیرات کیمپ پر اسرائیلی ٹینکوں کی بمباری میں 20 فلسطینی شہید ہوئے، لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی بمباری جاری ہے، وادی بیکا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 14 افراد شہید ہوئے۔