بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

غزہ کے تل الحوا محلے سے انخلا کے بعد درجنوں لاشیں برآمد، جان بوجھ کر نشانہ بنائے جانے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

غزہ: اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر میں بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، شہر کے تل الحوا محلے میں حملوں کے بعد درجنوں لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق غزہ گورنمنٹ میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل اسماعیل الثوبتہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز غزہ شہر میں ’’منصوبہ بند قتل عام‘‘ کر رہی ہے۔

غزہ کے شہری دفاع کی ٹیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کے تل الحوا سے جزوی طور پر انخلا کے بعد انھیں کم از کم 60 لاشیں ملی ہیں اور علاقے میں تباہ شدہ گلیوں اور عمارتوں سے شہید اور زخمیوں کو نکالنے کا کام جاری ہے۔

غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ محلے میں ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خاندان، خواتین اور بچے تھے۔

اطلاعات کے مطابق جنوبی غزہ میں خان یونس کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں مارے جانے والے 4 امدادی کارکنوں میں برطانیہ کی انسانی ہمدردی کی تنظیم الخیر فاؤنڈیشن کا ایک سینئر رکن بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 38,345 فلسطینی شہید اور 88,295 زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب بین الاقوامی برادری غزہ میں 9 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت روکنے میں ناکام ہو گئی ہے، اسرائیلی فورسز کی بمباری نے غزہ میں سیف زون بھی تباہ کر دیے، سیف زون پر حملوں کے بعد ہزاروں فلسطینی ایک بار پھر دربدر ہو گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں