وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے قائدانہ صلاحیتوں سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، دفاع وطن کیلئے گراں قدرخدمات پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جنرل سید عاصم منیر کو اللہ تعالٰی نے بےمثال خوبیوں سے نوازا ہے
انھوں نے کہا کہ بنیان مرصوص کی کامیابی میں جنرل عاصم منیر کی دلیری اور دانشمندی کا کلیدی کردار تھا، آپریشن بنیان مرصوص سے خطے میں طاقت کے توازن کو قائم کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے۔
فوج میں فیلڈ مارشل عہدہ کیا ہوتا ہے؟
وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں آرمی چیف سے لےکر سپاہی نے دلیری سے اپنی خدمات سرانجام دیں، مجھ سمیت پوری قوم کو جنرل سید عاصم منیر، غازیان و شہدا اور انکے اہلخانہ پر فخر ہے۔
دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد پیش کی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ کابینہ کے اس فیصلے سے پاکستان کی افواج کا مورال مزید بلند ہو گا، جنرل سید عاصم منیر حقیقی معنوں میں فیلڈ مارشل کے عہدے کے مستحق ہیں۔