جرمنی کی وفاقی کابینہ کے وزیر مائیکل کریٹسمر نے افغان مہاجرین کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے بعد جرمنی نے بھی غیر قانونی افغان باشندوں کے متعلق سخت اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق غیر قانونی افغان شہریوں سے متعلق جرمن حکام کا بھی اہم بیان سامنے آگیا، سیکسنی کے منسٹر نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت افغان تارکین وطن کو انکے وطن واپس بھیجنے کے لیے اقدامات کرے۔
مائیکل کریٹسمر کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان باشندوں کو پناہ دی، لیکن ان میں سے کچھ مجرم ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث ہیں، افغان شہریوں کی مجرمانہ کارروائیاں جرمن معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں اور وزارت خارجہ اور امیگریشن حکام کو بھی اس پر غور کرنا چاہیے، متعلقہ ادارے افغان شہریوں کیخلاف کارروائی کریں اور جرائم کے مرتکب افراد کو افغانستان بھیج دیں۔
جرمن کابینہ میں افغان تارکین وطن کی بے دخلی پر بحث، جرمنی کے شہر مینہیم میں حالیہ حملے کے بعد شدت اختیار کر چکی ہے، 31 مئی 2024 کو مینہیم میں اسلام مخالف مظاہرے کے دوران افغان شہری نے ایک پولیس افسر کو قتل اور متعدد افراد کو زخمی کر دیا تھا۔
ماسکو اور مینہیم میں دہشتگرد حملوں کے بعد تمام یورپی ممالک کی جانب سے افغان شہریوں کے متعلق خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں، ان حالات کی روشنی میں پاکستان کے غیر قانونی افغان شہریوں کو اپنے وطن واپس بھیجنے کے فیصلے کی بھی عالمی سطح پر تائید کی جارہی ہے۔