راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مادر وطن کیلئےجان کی قربانی سے بڑی کوئی قربانی نہیں، ہمارے افسران اور جوان اصل ہیرو ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں اور ملک دشمنوں عناصر کے خلاف ملک کے مخلتف حصوں میں ہونے والے آپریشنز کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرنے والے فوجی افسران اور جوانوں کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی اس پُر وقار تقریب میں بڑی تعداد میں فوجی افسران اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے افسران اور جوان اصل ہیرو ہیں، جوانوں، افسران کی قربانیوں سے ملک میں امن واستحکام آیا۔
آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ مادر وطن کیلئے جان کی قربانی سے بڑی کوئی قربانی نہیں، ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔