لاہور :انسداد دہشت گردی عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو زندہ جلانے کے مقدمے کے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پولیس نے مقتولہ زینت کی ماں پروین، بھائی انیس اور بہنوئی ظفر کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مٹی کا تیل چھڑک کر زینت کو زندہ جلایا ماں اپنا جرم قبول کر چکی ہے تاہم بھائی اور بہنوئی کے بیانات میں تضاد ہے جس کی وجہ سے مزید تفتیش ضروری ہے لہذا ملزمان کا مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
پولیس کی استدعا پر عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید پانچ روز کی توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ لاہور میں پسند کی شادی کرنے والی زینت کو مبینہ طور پر اس کی ماں، بھائی اور بہنوئی نے زندہ جلا دیا جس پر ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔