میلبرن: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے لئے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل بری سامنے آگئی، آل راؤنڈر گلین میکسویل انجری کا شکار ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے کہ گلین میکسویل بائیں ٹخنے کی انجری میں مبتلا ہوئے ہیں، جس کے باعث انہیں جلد وطن واپس لوٹنا پڑے گا، میتھیو ویڈ کو میکسویل کی جگہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 30 اگست کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈکپ تک گلین میکسویل کے فٹ ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے،گلین میکسویل فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے پہلے ہی جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں تھے۔
واضح رہے کہ ساؤتھ افریقہ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، کیمرون گرین اور ڈیوڈ وارنر پہلے ہی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈ جمی نیشم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے جمی نیشم انگلینڈ سے وطن واپس روانہ ہورہے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے جمی نیشم کی جگہ کول میکونچی کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔