اسلام آباد : پاکستان میں پولیو کے پھیلاؤ پرانسداد پولیو کے عالمی سپریم بورڈ کا وفدبیس نومبرکوپاکستان پہنچے گا، دورہ پاکستان میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پولیو کے پھیلاو نے عالمی سطح پر خطرے کی گھنٹی بجا دی، ذرائع نے بتایا کہ انسداد پولیو کے عالمی سپریم بورڈ نے پاکستان کے دورے کا فیصلہ کرلیا ، پولیو کےعالمی اداروں کا اعلیٰ سطح وفد رواں ماہ پاکستان آئے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیو اوور سائٹ بورڈ 20 نومبرکواسلام آباد پہنچے گا، اوورسائٹ بورڈ ڈاکٹرکرسٹوفر ایلیس کی زیر سربراہی اسلام آباد آئے گا اور 22 نومبر تک پاکستان میں قیام کرے گا۔
پولیو اوور سائٹ بورڈ کی اسلام آباد،راولپنڈی میں ملاقاتیں ہوں گی جبکہ پولیو اوور سائٹ بورڈ کی صوبائی حکام سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، دورہ پاکستان میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع این ای او سی نے کہا کہ حکومت اوور سائٹ بورڈ کو پولیو کی صورتحال پر اعتماد میں لے گی، بورڈ کی پولیو کے حالیہ تیز پھیلاؤ کی وجوہات پر بریفنگ ہوگی۔
پولیو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کور گروپ عالمی وفد کو بریفنگ دے گا، عالمی بورڈ کو بگ کیچ اپ ویکسی نشین مہم پر بریفنگ دی جائے گی، وفدکو نیشنل پولیو ایمرجنسی ایکشن پلان 25-2024 پر اعتماد میں لیا جائے گا۔
اوور سائٹ بورڈ پاکستان سے انسداد پولیو کیلئے ڈومور کا مطالبہ کرے گا اور پاکستان کو انسداد پولیو کیلئے فنڈنگ کی یقین دہانی کرائے گا۔
اوور سائٹ بورڈ عالمی سطح پر انسداد پولیوسےمتعلق سپریم فیصلہ ساز ادارہ ہے، رواں سال پاکستان میں 49پولیو کیس، سیکڑوں پازیٹو سیوریج سیمپلزنکلے ہیں۔