اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے والد گوہر ایوب مختصر علالت کے بعد آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
گوہر ایوب کی نماز جنازہ کل دوپہر 3 بجے ہری پور میں آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی جائے گی۔ وہ کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کیلیے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گوہر ایوب کو پاکستان کی سیاست میں ایک منفرد مقام حاصل تھا، دکھ کی گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ عارف علوی نے سیاست کے میدان میں ملک کیلیے مرحوم کی خدمات کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی پرویز اشرف نے گوہر ایوب کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم انتہائی نفیس، ملنسار اور محبت کرنے والے شخص تھے۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی گوہر ایوب کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ طویل سیاسی رفاقت رہی۔