کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں معمولی کمی کا رجحان رہا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھرمیں فی تولہ سونے کی قیمت 700 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 87 ہزار 200 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 600 روپے کمی سے 2 لاکھ 46 ہزار 228 روپے رہی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، سونا 7 ڈالر کم ہوکر 2777 ڈالر فی اونس ہے۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔
اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدتے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔
Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت
ڈالر مزید مہنگا ہوگیا
انٹربینک میں آج ڈالر کی قدر میں 6 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈالر 277 روپے 85 پیسے پر بند ہوا، گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 277 روپے 79 پیسے کا رہا تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 6 پیسے اضافے سے 278 روپے 78 پیسے رہا، اوپن مارکیٹ میں اکتوبر میں ڈالر ایک روپیہ 16 پیسے سستا ہوا ہے جبکہ انٹربینک میں رواں ماہ ڈالر 14 پیسے مہنگا ہوا ہے۔