اسلام آباد : چیئرمین نورعالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں دریائے سندھ سے غیر قانونی طور پر سونا نکالے جانے کا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نورعالم خان کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نورعالم خان نے انکشاف کیا کہ پنجاب اور کے پی کے درمیان اٹک کے مقام پر دریا سے سونا نکالا جا رہا ہے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پنجاب اور کے پی حکومت کو سونا نکالنے والوں کو روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بلامعاوضہ یابغیر لیز سونا نکالنے کی اجازت نہ دی جائے۔
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ اٹک کی مقامی انتظامیہ سے کہوں گا غیر قانونی سرگرمیوں کو روکیں، دریا سے مشینوں کے ذریعے سونا نکالا جارہاہے، لیز پر سونا نکالنے کی اجازت سے یہ رقم قومی خزانے میں آئے گی۔
خیال رہےسال 2019 میں سوشل میڈیا پر وادی حسن گلگت بلتستان کے ایک شہری کی ویڈیو وائرل ہوئی جو روزانہ کی بنیاد پر بہتے دریا سے سونا جمع کرتا تھا۔