کراچی / اسلام آباد: عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 4 ڈالر کم ہوئی جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کے نرخوں میں کمی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹرینڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 4 ڈالر کم ہوکر 1211 فی اونس ڈالر تک پہنچی جس کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے۔
تاجروں کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کے فی تولہ نرخ 350 روپے کم ہوئے جس کے بعد قیمتیں 54 ہزار 800 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 300 روپے کم ہوکر 46 ہزار 982 تک پہنچی۔
مزید پڑھیں: سونے کے فی تولہ قیمتوں میں مزید کمی
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی مقامی مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے داموں کے ساتھ ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں 5 ہزار 50 روپے کم ریکارڈ ہوئی جبکہ اس سے قبل سونے کے بھاؤ 59 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات کے بعد سے ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں 3100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالرکی مانگ اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ
یاد رہے کہ 25 جولائی کے بعد سے مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتیں مسلسل نیچے آرہی تھیں کہ دو روز قبل بھاؤ میں پھر اضافہ ہوا تھا تاہم اب عالمی مارکیٹ میں فی اونس کمی کے بعد پھر قیمتیں نیچے آنے لگیں۔