کراچی / اسلام آباد: عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں تین ڈالر کمی ہوئی جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 1291 ڈالر سے کم ہوکر 1288 ڈالر تک پہنچیں، تین ڈالر کمی کے مثبت اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھنے کو ملے۔
آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کی قیمت میں 300 اور دس گرام کے بھاؤ میں 256 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: سونے کی قیمت تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ 70700 روپے کا ہو گیا
اُن کا کہنا تھا کراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین 71 ہزار اور دس گرام 60 ہزار 871 روپے سے ہوئی۔
یاد رہے کہ 6 اپریل کو سامنے آنے والی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی صرافہ بازاروں میں ریٹ بڑھنے کے منفی اثرات نظر آئے اور کاروباری ایام میں سونا مجموعی طور پر فی تولہ 1050 روپے مہنگا ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج
آئی ایم ایف پروگرام میں مثبت پیش رفت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 550 پوائنٹس اضافے کے بعد 37ہزار 337 پوائنٹس پر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ہفتہ وار رپورٹ، سونے کی قیمت میں 1050 روپے اضافہ، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا
ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس میں 1.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں پیسہ لگایا۔
انٹر بینک / ڈالر
فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1 پیسے اضافے سے 141.39 روپے پر بند ہوا۔