کراچی: بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے سے 1359 ڈالر فی اونس ہو گئی, جس کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 550 روپے اضافے کے بعد 51 ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 441 روپے اضافے کے بعد 44 ہزار 142 روپے تک جا پہنچی۔
آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سال کے آغاز سے ہی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جنوری سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 200 روپے کا اضافہ جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 171 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے، اسی عرصے میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 297 ڈالر فی اونس تک بڑھ چکی ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر کی طلب میں کمی اور سونے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔